
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ آپریشن غضب للحق میں 274 طالبان رجیم کے اہلکار، خوارج ہلاک اور 400 سے زائد زخمی کردیے گئے۔ طالبان رجیم کی 74 سے زائد پوسٹیں مکمل طور پر تباہ کی گئیں اور 18 چوکیاں پاکستان کے قبضے میں ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دشمن کے 115 ٹینک، بکتربند گاڑیاں اور اے پی سیز تباہ کی جاچکی ہیں۔ فتنہ الہندوستان، فتنہ الخوارج کے 22 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ ان ٹارگٹس میں افغان کے کور ہیڈکوارٹرز، بٹالین ہیڈکوارٹرز، دہشتگردوں کی پناہ گاہیں شامل تھیں، افغان فوسز اور خوارج اپنی لاشیں تک چھوڑ کے بھاگے۔ دہشتگردوں اور ان کے سہولتکاروں کو ایسا جواب دیا گیا جس کے وہ مستحق تھے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن میں اب تک پاکستانی فوج کے 12 سپوت شہید اور 27 زخمی ہوئے۔ قوم کو اپنے جوانوں پر فخر ہے۔
