
ایران کی سب سے بڑی گیس فیلڈ ساؤتھ پارس پر اسرائیلی حملے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے جس کے باعث دنیا بھر میں مہنگائی کی نئی لہر کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
عرب میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق عالمی معیار کے برینٹ کروڈ آئل کی قیمت تقریباً 5 فیصد اضافے کے بعد 108 ڈالرز فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ بھی نمایاں مہنگا ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران کے جنوبی صوبے بوشہر کے ساحل کے قریب واقع دنیا کے سب سے بڑے گیس ذخیرے ساؤتھ پارس کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے خلیجی ممالک کی تیل و گیس تنصیبات پر حملوں کی دھمکی دی تھی۔
