نیب حکام کے مطابق ڈرامہ پری زاد کی شوٹنگ اسلام آباد میں واقع ایک ایسے محل میں کی گئی جو کرپشن سے بنائی گئی جائیداد ہے۔ یہ انکشاف نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر اور ڈائریکٹر آپریشنز امجد مجید اولکھ کی جانب سے دی گئی میڈیا بریفنگ میں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ مشہور ڈرامہ پری زاد اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں واقع ایک بڑے محل نما مکان میں شُوٹ کیا گیا تھا جسے نہایت وسیع اور پُرتعیش انداز میں تعمیر کیا گیا ہے۔

ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر نے بتایا کہ یہ رہائش گاہ دراصل کوہستان سکینڈل سے حاصل ہونے والی مبینہ کرپشن کی رقم سے تعمیر کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ پری زاد ایک مقبول پاکستانی ٹیلی وژن ڈرامہ تھا، جس کی کہانی ایک عام اور کم آمدن والے شخص کی زندگی، سماجی ناہمواریوں اور طبقاتی فرق کے گرد گھومتی ہے۔
